لاہور میں گرمی کی شدت برقرار، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی جاری کر دی

لاہور میں گرمی کی شدت برقرار، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی جاری کر دی

لاہور میں آج موسم گرم اور خشک ہے جبکہ صاف آسمان کے باعث سورج کی تیز دھوپ درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث گرمی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم کم رفتار ہواؤں کے باعث موسم میں خنکی محسوس نہیں ہو رہی اور حبس کی کیفیت برقرار ہے۔دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس 126 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دسویں نمبر پر آ گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق فضا میں آلودہ ذرات کی بڑھتی ہوئی مقدار بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ماہرین صحت اور محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے کے دوران احتیاط برتیں۔ شہریوں کو زیادہ پانی پینے، ہلکے کپڑے استعمال کرنے اور باہر نکلتے وقت ماسک یا چشمہ پہننے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔