مشرق وسطیٰ جنگ ، سفرا کی 2روزہ کانفر نس آج شروع ہوگی

کانفرنس کیلئے مشرق وسطی میں تعینات سفرا کو خصوصی طور پر طلب کیا گیا ہے،سفارتی ذرائع 
اسلام آباد(آئی این پی )حکومت نے مشرق وسطی میں جاری کشیدگی سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات اور علاقائی اثرات کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے سفرا کی دوروزہ منی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ سفارتی ذرائع کے مطابق حکومت نے اہم ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں سے مشاورت کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک اعلی سطحی دو روزہ منی کانفرنس طلب کی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی سفرا کی منی کانفرنس آج (جمعرات) اور کل (جمعہ کو) اسلام آباد میں منعقد ہوگی،منی کانفرنس کے لئے مشرق وسطی میں تعینات سفرا کو خصوصی طور پر طلب کیا گیا ہے۔ دو روزہ مشاورتی کانفرنس میں خطے کے اہم ممالک میں تعینات سفرا بھی شریک ہوں گے،امریکہ، ایران، سعودی عرب،۔ متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں تعینات پاکستانی سفیر کانفرنس میں شریک ہونگے جبکہ کویت، قطر، عمان، اردن سے پاکستانی سفرا بھی شرکت کرینگے،کانفرنس کی سفارشات اور تجاویز حکومت کو پیش کی جائینگی،کانفرنس کا مقصد ملکی مفادات کے بھر پور تحفظ کے لئے لائحہ عمل طے کرنا ہے۔ پاکستان کے ثالثی پر مبنی کردار کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔