معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے‘شرح سود میں کمی اور قرضے کم لاگت پر ملنے سے چھوٹے و درمیانے پیمانے کے کاروبار سب سے زیادہ مستفید ہوں گے:وزیراعظم

 شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹس کمی معاشی استحکام‘ ترقی کا سفر جاری شہبازشریف
معاشی استحکام کیلئے کاروباری برادری اور عوام نے قربانیاں دیں‘الحمدللہ معاشی بہتری سے عوام کو جس قدر ممکن ہے، ریلیف فراہم کر رہے ہیں:وزیراعظم کا شرح سود میں کمی پر بیان
  مسابقتی مارکیٹ کی تشکیل ہی توانائی کے مسائل کا پائیدارحل ہے، بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم ضروری ہے، بجلی کی ترسیل کار اور پیداواری کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کیا جائے:اجلاس میں ہدایات
کراچی‘اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن)  سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹس کی کمی کر دی۔مرکزی بینک کی جانب سے  جاری مانیٹری پالیسی کے اعلان کے بعد سود کی نئی شرح 10.50 فیصد مقرر ہو گئی ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اس اقدام کو کاروباری برادری اور عام آدمی کی بہتری کا پیش خیمہ قرار دیااور کہا ہے کہ شرح سود میں کمی اور قرضے کم لاگت پر ملنے سے چھوٹے و درمیانے پیمانے کے کاروبار سب سے زیادہ مستفید ہونگے۔ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا  اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے۔وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی اور سیکریٹری خزانہ اور انکی ٹیم پاکستان کہ معاشی ترقی کیلئے کوششوں پر لائق تحسین ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام ہے اور پاکستان ترقی کی سمت میں گامزن ہے‘معاشی استحکام کیلئے کاروباری برادری اور عوام نے قربانیاں دیں‘الحمدللہ معاشی بہتری سے عوام کو جس قدر ممکن ہے، ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا  شرح سود میں کمی اور قرضے کم لاگت پر ملنے سے چھوٹے و درمیانے پیمانے کے کاروبار سب سے زیادہ مستفید ہونگے۔
دریں اثناء شہبازشریف نے بجلی کی ترسیل کار اور پیداواری کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت  کرتے  ہوئے کہا ہے کہ ڈسکوز اور جنکوز کی نجکاری سے بجلی کی مسابقتی مارکیٹ بنے گی،نظام کو جدید دور سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم ضروری ہے۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیراعظم کو پاور سیکٹر روڈ میپ پرپیشرفت سے آگاہ کیاگیا،اوربجلی کی پیداوار، ترسیل، ڈسکوز اور جینکوز کی نجکاری پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ فیصل آباد،اسلام آباداورگوجرنوالہ بجلی کمپنیوں کی نجکاری پرکام جاری ہے،تینوں ترسیل کارکمپنیوں کی نجکاری کیلئے ایکسپریشن آف انٹرسٹ جلدشائع ہوں گے،500 کیوی کے غازی بروتھا، فیصل آباد ٹرانسمشن لائن کا پی سی ون منظوری کے مرحلے میں ہے،درآمدی کوئلے پرچلنے والے پلانٹس تھرکول پرمنتقل کرنے کی تیکنیکی فیزیبیلیٹی مکمل ہوچکی،تھرکول کی پلانٹس تک منتقلی کیلئے ریلوے لائن بچھانیکا کام بھی جاری ہے۔اجلاس میں مسابقت پرمبنی بجلی کی مارکیٹ کی آپریشنلائزیشن پر بھی بریفنگ دی گئی، مسلسل کوششوں سے گزشتہ سال کے مقابلے لائن لاسزمیں کمی ہوئی ہے،بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم منصوبے کاکنسییپٹ کلیئرنس پروپوزل منظور ہوچکا، نیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کا منصوبے کی فیزیبیلیٹی اسٹڈی کی جاری ہے۔