مشعال ملک کا کہنا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونے تک مودی جارحیت جاری رکھے گا
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنی جارحیت جاری رکھے گا۔انہوں نے بھارت کے وزیراعظم کے موقف کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی تک الزام تراشیوں میں ملوث ہیں اور اصل مسئلے کی جانب نہیں آ رہے۔ مشعال ملک نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان اور آزاد کشمیر میں سویلینز کو نشانہ بنایا ہے، جو کہ قابل مذمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں حریت قیادت کی فوری رہائی کا مطالبہ شامل ہونا چاہیے۔ مشعال ملک نے یہ بھی کہا کہ جنیوا یا کسی اور جگہ ہونے والے مذاکرات میں حریت قیادت کو شامل کیا جائے اور ان مذاکرات کا ایک واضح ٹائم فریم مقرر کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا حل ممکن ہو سکے۔