مشعال ملک کا عالمی ضمیر سے سوال: “فلسطین، کشمیر اور غزہ میں انسانیت کیوں خاموش رہی؟”

مشعال ملک کا عالمی ضمیر سے سوال: “فلسطین، کشمیر اور غزہ میں انسانیت کیوں خاموش رہی؟”

کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور معروف انسانی حقوق کی علمبردار مشعال ملک نے ایک جذباتی ویڈیو بیان میں فلسطین، کشمیر اور غزہ میں جاری مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

  "انصاف کے بغیر امن ایک دھوکہ ہے" — مشعال ملک
مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا:"دنیا انصاف اور امن کی بات تو کرتی ہے، مگر جب فلسطینی بچوں پر بم برسائے گئے، کشمیریوں کو کچلا گیا،تو انسانیت کہاں تھی؟"انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر انصاف کا ترازو جھک جائے تو امن صرف دھوکہ رہ جاتا ہے۔

  "مظلوم کی چیخیں قوم یا مذہب نہیں دیکھتیں"
مشعال ملک نے کہا:"آج اسرائیلی عوام انصاف مانگ رہی ہے،مگر کیا کسی کو وہ چیخیں یاد ہیں جو فلسطینی بچوں کی لاشوں سے بلند ہوئیں؟ہر ماں کا دکھ، ہر آنکھ کا آنسو، ہر خون کا رنگ ایک جیسا ہوتا ہے۔"
  "وقت آ گیا ہے کہ حق کے ساتھ کھڑا ہوا جائے"
اپنے بیان میں مشعال ملک نے دنیا بھر کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:"اب وقت ہے کہ ہم صرف دیکھنے والے نہ رہیں،بلکہ حق، سچ اور انسانیت کے ساتھ کھڑے ہوں۔
کشمیری ہوں یا فلسطینی، مظلوم کا ساتھ دینا انسانیت کا تقاضا ہے۔" 
 "دوہرا معیار انصاف کو قتل کرتا ہے"
بیان کے اختتام پر انہوں نے عالمی برادری سے سخت سوال پوچھا:"کیا دنیا تیار ہے اپنی خاموشی کا حساب دینے کو؟دوہرا معیار انصاف کا قتل ہے، اور تاریخ خاموش نہیں رہے گی۔"
  انصاف، امن اور ضمیر کی پکار
مشعال ملک کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں،مگر اقوام متحدہ اور دیگر عالمی طاقتوں کی جانب سے خاطرخواہ عملی ردِعمل نہ آنا سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔