بھارتی وزیر کا مسلم فوجی کرنل کو دہشتگردوں کی صف میں شامل کرنے کا بیان

بھارتی وزیر کا مسلم فوجی کرنل کو دہشتگردوں کی صف میں شامل کرنے کا بیان

بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کے سینئر رہنما اور مدھیہ پردیش کے وزیر، وجے شاہ نے بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی کو دہشتگردوں کی صف میں شامل کر کے ایک شدید نفرت انگیز بیان دیا ہے جس کے بعد بھارتی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔

کرنل صوفیہ قریشی نے حال ہی میں پاکستان کے خلاف بھارتی فوج کے آپریشن سندور کی تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کی تھیں، جس میں انہوں نے پاک فوج کی جوابی کارروائیوں کے دوران بھارت کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات بیان کی تھیں۔ اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے، وجے شاہ نے کرنل صوفیہ قریشی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان دیا۔وجے شاہ نے کہا کہ دہشتگردوں نے بھارت کے ہندو بھائیوں کو بے دردی سے قتل کیا اور وزیراعظم نریندر مودی نے اس کا جواب دینے کے لیے دہشتگردوں کی "کمیونٹی" سے تعلق رکھنے والی بہنوں کو جواب دینے کے لیے بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے دہشتگردوں کے گھروں پر حملے کرنے کے لیے بھارتی فوج کی خواتین اہلکاروں کو بھیجا تاکہ ان کو سبق سکھایا جا سکے۔

اس نفرت انگیز بیان کے بعد، وجے شاہ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، اور کانگریس نے فوری طور پر ان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے صدر، ملک ارجن کھرگے نے اپنے بیان میں کہا کہ بی جے پی کے رہنما کا یہ بیان انتہائی گھٹیا، نامناسب اور نفرت انگیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش ہیں اور ان کو فوری طور پر معطل کیا جانا چاہیے۔اس معاملے پر وجے شاہ نے ایک تعزیتی بیان بھی جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر ان کے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو وہ معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں اور کرنل صوفیہ قریشی کی عزت کرتے ہیں۔ تاہم، ان کے اس بیان کے باوجود اپوزیشن کی جانب سے ان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ جاری ہے۔