بھارتی تحقیقاتی ادارے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے کولکتہ میں آرمی آرڈیننس کور سے تعلق رکھنے والے ایک کرنل کو مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی اخباروں کے مطابق گرفتار افسر کرنل ہمانشو بالی پر 50 لاکھ روپے رشوت لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ انہوں نے دیگر افسران کے ساتھ مل کر ٹینڈرز کی منظوری اور ٹھیکوں کی الاٹمنٹ کے بدلے غیر قانونی رقوم وصول کیں۔رپورٹس کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ٹینڈرنگ کے عمل میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی اور بعض ٹھیکے مبینہ طور پر رشوت کے عوض دیے گئے۔بھارتی تحقیقاتی ادارہ Central Bureau of Investigation اس کیس کی مزید تفتیش کر رہا ہے، جبکہ گرفتار کرنل سے تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔