لاہور: سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی مہر سعید ظفر نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
لاہور میں منعقدہ شمولیتی تقریب کے دوران مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری سالک حسین نے مہر سعید ظفر اور ان کے ساتھیوں کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مہر سعید ظفر جیسے سینئر سیاستدان کی شمولیت سے مسلم لیگ (ق) مزید مضبوط ہوگی اور پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست کا بنیادی مقصد عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور معاشرے سے بدعنوانی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔اس موقع پر مہر سعید ظفر نے کہا کہ کرپشن کے خلاف چوہدری سالک حسین کا بیانیہ عوام میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ دنوں میں مزید سابق ارکان اسمبلی اور اہم سیاسی شخصیات بھی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کریں گی۔
تقریب کے دوران چوہدری سالک حسین نے اپنے حالیہ بیان سے متعلق وضاحت بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بیان کا مقصد عوامی جذبات کی ترجمانی کرنا تھا، تاہم ان کے مؤقف کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ ان کے بقول عوامی مسائل کی نشاندہی کو سازش کا حصہ قرار دینے کا تاثر دیا گیا۔چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ ہرجانے کے نوٹس کا جواب دے دیا ہے اور اگر عدالت نے طلب کیا تو اپنے مؤقف کے حق میں ثبوت بھی پیش کریں گے۔