پنجاب کے سکولوں میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی ، یوم تشکر منایا گیا

 سکول اسمبلی کے دوران بچوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے،فضائیہ کے جانبازوںکوخراج تحسین پیش
قصور اورپتوکی کے سکولوں میں پاک فوج کے حق میں بینرز کے ساتھ طلبہ وطالبات نے جلوس نکالے ،مارچ کیا
 لاہور(آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب بھر کے سکولوں میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور یوم تشکر منایا گیا، پنجاب کے تعلیمی اداروں میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر جشن کا سماں ہے۔سکول اسمبلی کے دوران بچوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور گرمجوشی سے وطن عزیز سے محبت کا اظہار کیا، ننھی طالبات نے پاک دھرتی کی حفاظت کا عزم کرتے ہوئے ٹینکوں کے ماڈل بھی بنائے۔اس موقع پر طلبہ نے پاک فوج کے سربراہ کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں، ننھے بچوں نے یونیفارم پہن کر مارچ کیا، ننھی طالبات نے پاک فضائیہ کے جانبازوں کو خراج تحسین پیش کیا، طلبہ نے افواج پاکستان کی جرات اور شجاعت کو سلام پیش کیا۔قصور کے طلبہ کی ریلی کی قیادت کرنے کیلئے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خود پہنچ گئے، طلبہ نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے،طلبہ نے پیس پریڈ کر کے فتح کا جشن منایا، ننھے طلبہ نے سرحدی گائوں کے کچے گھروں کے ماڈل بھی بنائے،طالبات نے پاک فوج کے حق میں بینرز اٹھا کر جلوس نکالے۔پتوکی کے گرلز سکول کی طالبات نے مارچ کیا اور نعرے لگا کر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا، طلبہ نے پینٹنگ اور پوسٹر بنا کر پاک دھرتی سے محبت کا اظہار کیا۔سکولوں میں جنگ کے علامتی سائرن بجائے گئے، بچوں نے قومی ترانے اور نغمے پیش کئے، ننھے بچوں نے امن اور اپنے ہیروز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں، آپریشن بنیان مرصوص کے حوالے سے پوسٹر اور ڈرائنگ کے مقابلے بھی ہوئے، ننھے بچوں نے پراثر نغمے اور نظمیں بھی پیش کیں، ننھے طلبہ نے پاک فوج کے سربراہ اور سپاہیوں کو محبت بھرے خط لکھے۔