مقبوضہ کشمیر میں بھی احتجاجی مظاہر ے و ہڑتال کی گئی،نظام زندگی مفلوج ہوگیا، شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش ،5اگست کے بھارتی غیرقانونی اقدام کی مذمت ‘عالمی برادری سے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کا مطالبہ
دنیا بھر میں مقیم کشمیریوںاور پاکستانیوں نے یوم استحصال کشمیر بھرپورانداز میں منا یا، ایک منٹ کی خاموشی کے دوران ٹریفک رک گئی، بھارت باہر سے لوگ لا کر مقبوضہ کشمیر میں بسا رہا ہے:وفاقی وزیر امیر مقام کا اسلام آباد میں ریلی سے خطاب
اسلام آباد،مظفر آباد،سرینگر(آئی این پی )کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریو اور پاکستانیوں نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کیخلاف یوم استحصال کشمیر بھرپور انداز میں منا یا،اس موقع پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے جلسے ،جلوس، ریلیاں ،سیمینارز اور احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے ۔یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اسلام آباد میں وزارت خارجہ سے ڈی چوک تک مرکزی ریلی نکالی گئی، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی ریلیاں اور مظاہرے کر کے کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے صبح نو بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ، اس دوران سائرن بجائے گئے اور ٹریفک بھی ایک منٹ کیلئے روک دی گئی۔ اسلام آباد میں ریلی کی قیادت وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کی ۔ریلی کے شرکا نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ ریلی میں وفاقی وزرا، مشیروں اور ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی‘ ریلی کے شرکا سے وفاقی وزیر برائے امورکشمیر امیر مقام نے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہر سال 5 اگست کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بھارت کے اقدامات کی مذمت کے لیے سڑکوں پر نکلتا ہے۔وفاقی وزیر امیر مقام نے الزام عائد کیا کہ بھارت باہر سے لوگوں کو لا کر مقبوضہ کشمیر میں بسا رہا ہے۔