خوشاب: سابق شوہر نے خاتون پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائی، 26 سالہ چمن بتول جاں بحق

خوشاب: سابق شوہر نے خاتون پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائی، 26 سالہ چمن بتول جاں بحق

خوشاب میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں 26 سالہ چمن بتول کو مبینہ طور پر ان کے سابق شوہر نے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گئیں۔

 واقعے کی اطلاع ملتے ہی چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے نوٹس لیا اور ڈی پی او خوشاب سے مکمل رپورٹ طلب کرلی۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان، بابر عباس اور طاہر عباس، کو حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے پی ایف ایس اے کی ٹیم طلب کی گئی ہے۔حنا پرویز بٹ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے خلاف اس نوعیت کے سنگین جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ذمہ دار عناصر کو شفاف تفتیش کے بعد قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندان کو قانونی اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔یہ واقعہ خوشاب میں خواتین کی سلامتی اور گھریلو تشدد کے بڑھتے رجحان کی نشاندہی کرتا ہے، جس پر متعلقہ حکام کی فوری مداخلت کو اہم قرار دیا گیا ہے۔