مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی میں دلخراش واقعے میں دیور نے 5 ماہ قبل شادی کر کے گھر آنے والی بھابھی پر مبینہ طور پر پیٹرول (ڈیزل) چھڑک کر آگ لگا دی، جو دورانِ علاج اسپتال میں دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق جھلسنے والی خاتون کو تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔ترجمان پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد خاتون کے دیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔مقدمے کے متن کے مطابق خاتون کی شادی پانچ ماہ قبل ہوئی تھی اور اس کا شوہر سیالکوٹ میں ملازمت کرتا ہے۔ واقعے کے روز خاتون کا 80 فیصد سے زائد جسم جھلس گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ گھریلو جھگڑے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔