شکارپور کے علاقے اللہ کالونی میں پراپرٹی کے تنازع پر مبینہ طور پر 10 سالہ بچے کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی، جس کے نتیجے میں بچہ جھلس کر زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق زخمی بچے کی شناخت سرفراز مہر کے نام سے ہوئی، جسے ابتدائی طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں بچے کی حالت کے پیشِ نظر اسے مزید علاج کے لیے سکھر ریفر کردیا گیا۔واقعے کا مقدمہ بچے کے والد ایاز مہر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ ایس ایس پی محمد کلیم ملک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا، جبکہ پولیس نے مرکزی ملزم جاوید اختر بلوانی بلوچ کو گرفتار کرلیا ہے۔مدعی کے مطابق ملزمان ان پر جائیداد کم قیمت پر فروخت کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔ دوسری جانب آئی جی سندھ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔