ایسا پنجاب بنائیں گے جہاں ہر شہری خود کو محفوظ اور برابر کا پاکستانی محسوس کرے:مریم نواز شریف

 ایسا پنجاب بنائیں گے جہاں ہر شہری خود کو محفوظ اور برابر کا پاکستانی محسوس کرے:مریم نواز شریف

وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے ہندو برادری کے تہوار ہولی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کو ریڈ لائن قرار دے کر اس کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہولی کا تہوار محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے، جو پاکستان میں مختلف مذاہب کی برادریوں کے حسین امتزاج کو ظاہر کرتا ہے۔مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب ایک ایسا مقام بن چکا ہے جہاں ہر مذہب اور برادری کو مکمل احترام دیا جاتا ہے، اور حکومت پنجاب اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اقلیتی برادری کے افراد کو تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولتیں یکساں طور پر فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقلیتی برادری کے افراد کے مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹس میں اضافہ کیا ہے اور ان کے مذہبی و ثقافتی تہواروں کو سرکاری سطح پر منانے کا اہتمام کیا ہے۔ مریم نواز نے یہ بھی بتایا کہ نادار اقلیتی افراد کی مدد کے لیے مینارٹی کارڈ کے ذریعے انہیں بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنے حقوق اور وسائل تک پہنچ سکیں۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ یہ دن سب کے لیے خوشیوں، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام لے کر آئے، اور پنجاب میں ہر شہری کو محفوظ، بااختیار اور برابر کا پاکستانی محسوس ہو۔