وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں جاری شجرکاری مہم کی کامیابی پر متعلقہ اداروں، افسران اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے پنجاب میں سبز انقلاب کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ شجرکاری مہم کے نتیجے میں پنجاب کی بنجر زمینیں سرسبز جنگلات میں تبدیل ہو رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں اب تک 54 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر 5 کروڑ سے زیادہ درخت لگائے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق مہم کے ابتدائی مرحلے میں 41 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر 4 کروڑ درخت لگائے گئے، جبکہ صوبے بھر میں 3 ہزار 85 درختوں کی قطاریں بھی قائم کی گئیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ میں اس نوعیت کے سبز انقلاب کی کوئی مثال نہیں ملتی اور 4 کروڑ درخت لگانا صرف ایک آغاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ برسوں میں پنجاب جنگلات، سرسبز ماحول اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے ایک مثالی صوبہ بن کر ابھرے گا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دو سالہ شجرکاری مہم ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کی جانب ایک اہم کامیابی ثابت ہوئی ہے۔ ان کے مطابق شجرکاری نئی نسل کے لیے حکومت پنجاب کا ایک قیمتی تحفہ ہے، جبکہ جدید کٹنگ ایج ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے کے جنگلات کی مؤثر نگرانی اور تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔