پوپ لیو کی ایران و اسرائیل سے تحمل اور بات چیت کی اپیل: دنیا کو ایٹمی خطرے سے بچانا سب کی ذمہ داری ہے

پوپ لیو کی ایران و اسرائیل سے تحمل اور بات چیت کی اپیل: دنیا کو ایٹمی خطرے سے بچانا سب کی ذمہ داری ہے

ویٹی کن سٹی سے جاری بیان میں پوپ لیو نے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے تحمل، عقل و دانش اور بامقصد مکالمے کی اپیل کی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پوپ نے کہا کہ:"ایسے نازک لمحے میں میں پوری قوت سے یہ اپیل دہراتا ہوں کہ فریقین ذمہ داری اور عقل سے کام لیں۔ دنیا کو ایٹمی خطرے سے محفوظ بنانا صرف اور صرف باہمی احترام اور بات چیت سے ممکن ہے۔ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دوسرے کے وجود کو خطرے میں ڈالے۔"پوپ لیو نے عالمی برادری کو بھی یاد دہانی کرائی کہ تمام اقوام پر یہ اجتماعی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ امن کو فروغ دیں، مفاہمت کی راہیں تلاش کریں اور ایسے دیرپا حل پیش کریں جو تمام انسانوں کے لیے سلامتی، وقار اور پرامن بقائے باہمی کی ضمانت بن سکیں۔پوپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور خطے میں کسی بڑی جنگ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔