کامونکے پو لیس کا عارف کے گھر چھاپہ ،چھڑانے کی کوشش پر ارشاد تشدد سے چل بسی
اہلکار 90 ہزار روپے ،عمرہ ٹکٹ ، موٹر سائیکل بھی لے گئے ،کو ئی گرفتاری نہیں ہوسکی
کامونکے(خصوصی رپورٹ )تھانہ صدر کے سب انسپکٹر سمیت8پولیس ملازمین کے مبینہ تشدد سے 50 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ مقتولہ کے خاوند اور بیٹیوں پر بھی بد ترین تشدد کرتے ہوئے ملزم رقم ،موٹرسائیکل و دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔ گزشتہ رات تھانہ صدر کے ایس آ ئی رائو انعام اللہ وغیرہ8پولیس ملازمین نے تولیکی روڈ کے عارف عرف پپو شیخ کے گھر چھاپہ مار کر اس پر تشدد شروع کردیا،اس دوران چھڑوانے کی کوشش کرنے پرعارف شیخ کی اہلیہ ارشاد بیگم اور بیٹیوں مشبا ،عروج اور زنیب پر بھی بدترین تشدد کیا گیا جس سے ارشاد بیگم موقع پر دم توڑ گئی تو ملزم اْنکے گھر سے90ہزار روپے،عمرہ کا ٹکٹ اور موٹر سائیکل لیکر فرار ہوگئے۔گزشتہ روز مقتولہ کے شوہر نے تھانہ صدر میں سب انسپکٹر رائو انعام اللہ،کانسٹیبل علی احمد اور 6 نامعلوم پولیس ملازمین کیخلاف مقدمہ نمبر1472/2025بجرم302/354/395/155Cت پ درج کرادیا اور لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کردیاگیا ۔ ایس ایچ او صدر ندیم مالک گوندل کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر اور بیٹوں پر اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا جس میں اْنکی مدعیت پارٹی سے صلح ہوگئی لیکن اس کے باوجود سب انسپکٹر نے اعلیٰ افسر وں کو اطلاع د ئیے بغیر اسلحہ کی برآمدگی کیلئے اْنکے گھر چھاپہ مارا تھا تاہم ابھی کوئی گرفتار ی عمل میں نہیں آسکی۔