شاہدرہ: تھانیدار کا خاتون پر وحشیانہ تشدد

 اے ایس آئی بلال نے  کمرے میں بند کر کے چارپائی سے باندھ کر تشدد کیا،  ظالم نے حالت غیر ہونے پر گھر جانے کی اجازت دی
پولیس تشدد کے بعد چلنے پھرنے کے قابل بھی نہ رہی، میاں منشی ہسپتال سے علاج ، ٹانگوں اور پاؤں پر تشدد کے نشانات تھے:سعدیہ
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں چوری کے شبہ میں تفتیش کے لیے بلائی گئی خاتون ملازمہ پر مبینہ پولیس تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔متاثرہ خاتون سعدیہ کے مطابق اے ایس آئی بلال نے اسے فون کرکے تھانے بلایا اور بتایا کہ اس پر چوری کا الزام ہے۔ سعدیہ کا کہنا ہے کہ اس نے پولیس اہلکاروں کو چوری میں ملوث نہ ہونے کی وضاحت کی، تاہم اسے مرد اہلکاروں نے ایک کمرے میں بند کرکے چارپائی سے باندھ دیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔متاثرہ خاتون کے مطابق تشدد کے باعث اس کی حالت غیر ہوگئی، جس کے بعد اسے گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ سعدیہ کا کہنا ہے کہ پولیس تشدد کے بعد وہ چلنے پھرنے کے قابل بھی نہیں رہی۔سعدیہ کے مطابق اس نے میاں منشی ہسپتال سے علاج کروایا اور میڈیکل معائنہ بھی کرایا۔ طبی معائنے کے مطابق اس کی ٹانگوں اور پاؤں پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔
متاثرہ خاتون نے پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔