جماعت اسلامی کا ایران کی حمایت، حکومت پاکستان سے دفاعی مدد فراہم کرنے کا مطالبہ

جماعت اسلامی کا ایران کی حمایت، حکومت پاکستان سے دفاعی مدد فراہم کرنے کا مطالبہ

لاہور (ویب ڈیسک): جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ نے اسرائیل کے حالیہ جارحانہ حملے کے خلاف ایران کی سلامتی اور دفاع کے لیے حکومت پاکستان سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مطالبہ لاہور میں جاری جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت امیر جماعت حافظ نعیم الرحمٰن نے کی۔ اجلاس میں ملک بھر سے مجلس شوریٰ کے اراکین شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد میں اسرائیل کو "ناجائز ریاست" قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس کے جارحانہ عزائم پورے خطے کے لیے ناسور بن چکے ہیں۔

اسلامی دنیا سے اتحاد کا مطالبہ
قرارداد میں اسلامی ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے اختلافات کو بھلا کر متحدہ اور متفقہ موقف اپنائیں تاکہ اسرائیلی تسلط کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ "اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ تب ہی ممکن ہے جب مسلم دنیا یک زبان ہو"۔

پاکستانی حکومت سے پالیسی مطالبہ
جماعت اسلامی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کی عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سلامتی اور دفاع کے لیے ہر قسم کی ممکنہ مدد فراہم کرے۔اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کو اس نازک مرحلے پر اسلامی اخوت اور جرات مندانہ خارجہ پالیسی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

تین روزہ شوریٰ اجلاس جاری
ذرائع کے مطابق، نومنتخب مرکزی مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس تین روز تک جاری رہے گا جس میں ملکی، سیاسی، معاشی اور بین الاقوامی حالات پر جماعت اسلامی کی آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔