کراچی: جماعت اسلامی کے امیر منعم ظفر نے شہر میں بھتا خوری اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کر دیا ہے۔
منعم ظفر نے کہا کہ کراچی میں بھتا خور سرمایہ کاروں کو دھمکی آمیز پرچیاں بھیج رہے ہیں اور سندھ میں سسٹم کی حکمرانی قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں قبضہ مافیا کا راج ہے اور زمینوں پر غیر قانونی قبضے معمول بن چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مفادات کی ہوس اور بدانتظامی نے صوبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، اور اس لیے بھتا خوروں کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کرنا ضروری ہے تاکہ سرمایہ کاروں اور عام شہریوں کی حفاظت ممکن ہو سکے۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قبضہ مافیا اور بھتا خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ سندھ میں قانون کی بالادستی قائم ہو۔