اسرائیلی حملہ کھلی جارحیت،ایران کی خودمختاری کی صریحاً خلاف ورزی:ساجد نقوی

سامراج اور اس کی پشت پناہی میں ناجائز اور قابض صہیونی ریاست کی جارحیت خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے 
راولپنڈی /اسلام آباد (آئی این پی )قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے برادر ملک اسلامی جمہوری ایران پر صہیونی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر صہیونی حملے ایران کی خودمختاری کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ سامراج کسی کی آزادی کو تسلیم نہیں کرتا،تمام آزادی پسندوں کواس سامراجی حملے کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ سامراجی صہیونی حملے سے واضح ہوگیا کہ سامراج اور اس کے پر وردہ کبھی بھی دنیا میں امن نہیں چاہتے۔ اپنے ایک بیان میں قائد ملت جعفریہ نے صہیونی حملے میںاعلیٰ سرکاری عہدیداروں،بعض کمانڈرز اور چھ سائنسدانوں سمیت سویلین کی شہادتوں پرپاکستانی قوم و ملت کی جانب سے رہبر انقلاب سید علی خامنہ ای کی خدمت میں دلی ہمدردی اور گہرے دُکھ کا اظہار کیا، شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان سے صبر و جمیل کی دعاکی اور سامراجی صہیونی حملے کو خطے کو خطرناک صورتحال کی جانب سے دھکیلنے کی کوشش قرار دیا۔