سربراہی کانفرنس نے اسرائیل کو واضح پیغام دیا شہبازشریف
مشرق وسطی میں اسرائیلی جارحیت فوری طور پر روکنا ہوگی، اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں امت میں اتحاد ہونا انتہائی ضروری ہے، عرب اسلامی ممالک کے ہنگامی سربراہی اجلاس کو سراہتے ہیں:امیر قطر سے گفتگو
مشرق ڈیجیٹل بینک کا قیام پاکستان کی معیشت میں سنگ میل ثابت ہوگا،پاکستان میں ڈیجیٹل بینک سے نوجوانوں کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے،پیپر لیس معیشت اور شفافیت وقت کی ضرورت ہے: تقریب سے خطاب
دوحہ‘اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور پاکستان ہر مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیر اعظم شہبازشریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حماد کے درمیان ملاقات دوحہ میں ہوئی جس میں خطے کی صورت حال کے پیش نظر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان اور قطر کے تعلقات کو تاریخی اور پائیدار قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہا مشرق وسطی میں اسرائیلی جارحیت فوری طور پر روکنا ہوگی، اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں امت میں اتحاد ہونا انتہائی ضروری ہے، عرب اسلامی ممالک کے ہنگامی سربراہی اجلاس کو سراہتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی کی بگڑتی صورتحال کے تناظر میں سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی قطر کی درخواست کی حمایت کرتا ہے۔اس موقع پر امیر قطر نے سربراہ کانفرنس میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کی اور بارہ ستمبر کو دوحہ آنے اور قطر سے اظہار یکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء شہباز شریف نے ایران سے تعلقات مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوحہ سمٹ نے اسرائیل کو واضح اور متحد پیغام دیا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے دوحہ میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ہے ۔یہ ملاقات ہنگامی عرب اسلامک سمٹ کے موقع پر ہوئی۔اس موقع نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے قطر سے مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔علاوہ ازیں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں مشرق ڈیجیٹل ریٹیل بینک کا قیام ملکی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مالیاتی شعبے میں شفافیت لانے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ وہ اسلام آباد میں بینک کے افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی آبادی کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے انہیں کاروباری، زرعی اور صنعتی مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اسے پیپر لیس اور انسانی عمل دخل سے آزاد بنانا ضروری ہے۔