یہ عدالتیں خود قید ہیں ہمیں کیا انصاف دیں گی، چیری بلاسم ، اردلی اور اب لیلیٰ کا سفر بہت دلچسپ ہے
راولپنڈی(آئی این پی ) پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم سے پوری عدلیہ کو چھٹی پر بھیج دیا گیا۔عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ ہم ایک احتجاج کرتے ہیں تو 7مقدمات بن جاتے ہیں، ایک دن راولپنڈی دوسرے دن سرگودھا کی عدالتوں میں ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ چیری بلاسم ، اردلی اور اب لیلیٰ کا سفر بہت دلچسپ ہے، حکمران عوامی حمایت سے آئے ہوتے تو یوں لیلے کی طرح رسی سے نہ چلتے، اس سال شدید مہنگائی کے باعث قربانی 30فیصد کم ہوئی ہے۔ عالیہ حمزہ نے کہا کہ یہ عدالتیں خود قید ہیں ہمیں کیا انصاف دیں گی؟ کبھی جج چھٹی پر تو کبھی پراسیکیوٹر غائب ہوجاتا ہے، آپ نے 26ویں ترمیم سے پوری عدلیہ کو چھٹی پر بھیج دیا ہے، ہم رول آف لاء کی لڑائی لڑتے رہیں گے۔عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ ان حکمرانوں کی شکل میں عذاب قوم پر مسلط کیا گیا ہے، ایک کروڑ 80 لاکھ نوجوان آج بے روزگار ہیں، بجٹ نے تباہی پھیر کر رکھ دی ہے، اب ہم قوم اور کسانوں کے پاس جائیں گے۔