کرپشن الزامات: عالمی ادارہ صحت نے شیخ حسینہ کی بیٹی کو لمبی چھٹی پر بھیج دیا

ڈھاکا(آئی این پی )بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی بیٹی پر کرپشن کے الزامات سامنے آنے پر عالمی ادارہ صحت نے صائمہ واجد کو لمبی چھٹی پر بھیج دیا ۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی ریجنل ڈائریکٹر جنوب مشرقی ایشیا صائمہ واجد دماغی صحت کے شعبہ میں کام کرتی رہی ہیں، ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر تیدروس ایڈہانوم نے صائمہ واجد کی رخصتی کے بارے میں عملے کو ایک ای میل کے ذریعے آگاہ کیا ہے۔اس ای میل میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر کیتھرینا بوہمے، جو ڈبلیو ایچ او کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل ہیں، اب صائمہ واجد کی جگہ جنوب مشرقی ایشیا کے علاقائی دفتر میں عارضی طور پر سربراہی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔رواں سال کے آغاز میں بنگلا دیش کے اینٹی کرپشن کمیشن نے صائمہ واجد کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا، جس میں ان کے تعلیمی کوائف پر سوالات اٹھائے گئے تھے، جو انہوں نے ڈبلیو ایچ او کے اعلیٰ عہدے کے لیے پیش کیے تھے۔