حکومت ،جے یوآئی اختلافات دور مدارس رجسٹریشن بل پر تنازع ختم
وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ اور میں نے ڈرافٹ کو حتمی شکل دی ہے ،مدارس کو حق دیا جائے گا کہ وہ وزارت تعلیم کیساتھ رجسٹر ہونا چاہتے ہیں یا سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ کے تحت، نوٹیفکیشن کے اجراء کے ساتھ مسئلہ حل ہوجا ئیگا، سینیٹر کامران مرتضیٰ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)جمعیت علمائے اسلام (ف) پاکستان کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت اور ان کی پارٹی کے درمیان مدارس رجسٹریشن بل پر پائے جانے والے اختلافات ختم ہوگئے ہیں۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ بل کا گزٹ نوٹیفکیشن 26 ویں ترمیم کے مطابق اگلے دو دن میں جاری ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اور وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے نے قانون کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے دی ہے اور نوٹیفکیشن کے اجرا ء کے ساتھ ہی مسئلہ حل ہوجا ئیگا۔ان کا کہنا تھا کہ بل کو قانون بنانے کے لیے اضافی ترمیم لائی جائے گی جس کے تحت مدارس کو یہ حق دیا جائے گا کہ وہ وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹر ہونا چاہتے ہیں یا سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ کے تحت رجسٹر ہونا چاہتے ہیں۔تاہم بل کے حوالے سے تحفظات بدستور پائے جاتے ہیں اور ذرائع نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری نے بل کے حوالے سے 8 نکات اٹھائے ہیں اور خاص طور پر مدارس کی سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹریشن شامل ہے۔