ایک لاکھ 95ہزار 425ڈالرمالیت کی 2کھیپ چین ارسال ،بر آمدات پابندیاں ختم کرنے پرممکن ہوئیں: کمپنی
لاہور ( خصوصی رپورٹ)پاکستان سے چین کو گدھے کے گوشت اور کھالوں کی بر آمدات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ چینی کمپنی ہانگینگ نے گوادر نارتھ فری زون سے تمام قانونی تقاضے، معائنے، سرٹیفکیشن اور پاکستان و چین کے متعلقہ ضوابط مکمل کرنے کے بعد گدھے کے گوشت اور کھالوں کی دو کھیپیں، جن کی مجموعی مالیت ایک لاکھ 95 ہزار 425 امریکی ڈالر ہے، چین روانہ کر دیں۔تفصیلات کے مطابق 27.5 ٹن وزنی پہلی کھیپ کی مالیت 66 ہزار 60 امریکی ڈالر جبکہ 67.07 ٹن وزنی دوسری کھیپ کی مالیت ایک لاکھ 29 ہزار 356 امریکی ڈالر تھی۔کمپنی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ بر آمدات حکومتِ پاکستان کی جانب سے چین کو گدھے کی کھالوں کی بر آمد پر عائد پابندی ختم کئے جانے کے بعد ممکن ہوئی ہیں، گدھے کا تمام گوشت منجمد حالت میں بحری جہازوں کے ذریعے چین بھیجا گیا۔ طے شدہ پروٹوکول کے تحت گوادر فری زون میں قائم ہانگینگ کی سہولت سے صرف فضائی یا بحری راستے سے بر آمدات کی اجازت ہے تاکہ ذبح کئے گئے جانوروں کی کوئی ضمنی مصنوعات مقامی مارکیٹ میں داخل نہ ہو سکیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال گوادر فری زون میں چین کے تعاون سے پاکستان کا پہلا جدید گدھا ذبح خانہ مکمل کیا گیا تھا، جس پر 5 کروڑ ڈالر لاگت آئی، یہاں گدھے کے گوشت اور کھالوں کی پراسیسنگ کی جاتی ہے۔