بالی ووڈ اداکارہ زرین خان ملبوسات کے ایک برانڈ کی تقریب کے دوران ایک فوٹوگرافر کے نامناسب تبصرے پر سخت ردعمل دینے کے بعد سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
39 سالہ اداکارہ تقریب میں برانڈ کی تشہیر اور فوٹو سیشن میں مصروف تھیں کہ اسی دوران ایک فوٹوگرافر نے مبینہ طور پر انہیں سب کے سامنے لباس پہن کر دکھانے کی تجویز دی۔اس نامناسب تبصرے پر زرین خان نے فوری طور پر اعتراض کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ ایسا ہرگز نہیں کریں گی اور کسی کو بھی اپنی ذاتی حدود سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جہاں صارفین کی بڑی تعداد نے اداکارہ کے مؤقف کی حمایت کی۔کئی صارفین نے کہا کہ زرین خان نے نہایت مہذب انداز میں اپنی بات رکھی اور نامناسب رویے کا بروقت جواب دیا، جبکہ بعض افراد نے سوال اٹھایا کہ فوٹوگرافرز کو اس نوعیت کے ریمارکس دینے کی اجازت یا حوصلہ کیسے ملتا ہے۔واضح رہے کہ زرین خان نے 2010 میں سلمان خان کے ساتھ فلم "ویر" سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور بعد ازاں متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ آخری بار 2021 میں ریلیز ہونے والی فلم "ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے" میں نظر آئی تھیں۔