پاکستانی تجزیہ کار حیدر حیات خان نے بھارتی نیوز چینل کے پروگرام میں شرکت کے دوران بھارتی میڈیا کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے اور مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے سکیورٹی واقعات سے متعلق بے بنیاد الزامات پر سوالات اٹھا دیے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اور بھارتی میڈیا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ہر سکیورٹی واقعے کو بغیر ٹھوس شواہد پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حیدر حیات خان نے کہا کہ بھارتی میڈیا اکثر واقعات کی مکمل تحقیقات اور شواہد سامنے آنے سے پہلے ہی پاکستان پر الزامات عائد کرنا شروع کردیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرزِ عمل کے ذریعے پاکستان مخالف بیانیے کو فروغ دیا جاتا ہے اور حقائق کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔حیدر حیات خان نے بھارتی فوج کی جانب سے موسیٰ عرف آصف فوجی کو شہید کرنے کے دعوے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے انہیں میڈیا کے سامنے پیش کردیا، جس سے بھارتی دعوے پر سوالات اٹھے۔انہوں نے حالیہ کلگام واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے شور مچایا کہ اس واقعے میں لشکر طیبہ سے وابستہ لطیف بٹ ملوث ہیں، تاہم ان کے مطابق لطیف بٹ خود میڈیا کے سامنے آگئے۔
حیدر حیات خان نے دعویٰ کیا کہ لطیف بٹ جموں و کشمیر یوتھ نیشنل کانفرنس کے شمالی کشمیر کے جوائنٹ سیکرٹری ہیں۔پاکستانی تجزیہ کار کا مزید کہنا تھا کہ مودی حکومت انتخابات سے قبل پاکستان مخالف بیانیے کو ہوا دینے کے لیے بھارتی میڈیا کو استعمال کرتی ہے۔ ان کے مطابق ایسے مواقع پر فالس فلیگ آپریشنز کے الزامات اور پاکستان مخالف مہم کو نمایاں کیا جاتا ہے تاکہ سیاسی مقاصد حاصل کیے جاسکیں۔حیدر حیات خان نے بھارتی میڈیا کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سکیورٹی واقعے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کرنے سے پہلے شواہد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو سامنے لانا ضروری ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ الزامات کو حقائق کے طور پر پیش کرنا خطے میں کشیدگی اور بداعتمادی میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔