ہمارا ایران سے معاہدہ ہوا جو انہوں نے توڑ دیا، وہ برے لوگوں کا گروپ ہے‘ وہ ہمیشہ معاہدہ توڑ دیتے ہیں اس لئے اب ہم انہیں سخت نشانہ بنائیں گے، ہم آبنائے ہرمز کو اپنے پاس رکھیں گے اور شاید اسے ہم ہی چلائیں:امریکی صدر
آبنائے ہرمز میں امریکہ کو مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے‘کسی بھی ملک کا امریکہ کے ساتھ کسی قسم کا تعاون ایران کی سالمیت کے خلاف جنگ کے مترادف سمجھا جائے گا:ترجمان خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز ابراہیم ذوالفقاری
حملوں میں ایران کے فضائی دفاعی نظام، ریڈار تنصیبات، میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا:سینٹ کام ‘امریکہ نے جنگ ختم نہ کی تو ایران اسلام آباد معاہدے پر مزید عمل نہیں کرے گا:ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
واشنگٹن‘تہران (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے ہمیں آبنائے ہرمز کی نگرانی کے عوض معاوضہ ملے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کر رہے ہیں، ہم آبنائے ہرمز کے سرپرست بنیں گے، ہمیں آبنائے ہرمز کی نگرانی کے عوض معاوضہ ملے گا۔امریکی صدر نے کہا ہمارا ایران سے معاہدہ ہوا جو انہوں نے توڑ دیا، وہ برے لوگوں کا ایک گروپ ہے، ہم نے کل رات ایران کو بہت شدید حملوں کا نشانہ بنایا، اینٹی ائیرکرافٹ گن سمیت ان کا بیشتر ساز و سامان تباہ کر دیا، جب بھی وہ ڈرون حملہ کریں گے ہم انہیں بری طرح نشانہ بنائیں گے۔صدر ٹرمپ نے کہا وہ ہمیشہ معاہدہ توڑ دیتے ہیں اس لیے اب ہم انہیں سخت نشانہ بنائیں گے، ہم آبنائے ہرمز کو اپنے پاس رکھیں گے اور شاید اسے ہم ہی چلائیں۔ دریں اثناء ایران کی فوج نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے امریکہ نے آبنائے ہرمْز میں مداخلت کر کے توانائی کی ترسیل کی سیکیورٹی کو سنگین نقصان پہنچایا ہے۔تہران سے جاری ہونے والے بیان میں خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے خطے میں موجود کچھ ممالک کے تعاون نے تنازع کے پھیلاؤ کے خطرات میں اضافہ کیا ہے۔ایران کی افواج نے امریکہ کو آبنائے ہرمز میں مداخلت کی کوشش کرنے پر خبردار کیا ہے اور واشنگٹن کا ساتھ دینے والوں کے خلاف حملوں کی دھمکی دی ہے۔امریکہ کو آبنائے ہرمزکے انتظامی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہ دیتے ہیں اور نہ دیں گے۔ کسی بھی ملک کا امریکا کے ساتھ کسی قسم کا تعاون ایران کی سالمیت کے خلاف جنگ کے مترادف سمجھا جائے گا اور جنگ خطے میں موجود تمام ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔علاوہ ازیںامریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے 12 جولائی کو ایران کے مختلف فوجی اہداف پر ایک اور بڑے فضائی آپریشن کے دوران درجنوں مقامات کو جدید اور انتہائی درست نشانہ لگانے والے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔ حملوں میں ایران کے فضائی دفاعی نظام، ساحلی ریڈار تنصیبات، میزائل اور ڈرون صلاحیتوں، چھوٹی فوجی کشتیوں اور دیگر عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس کارروائی میں امریکی لڑاکا طیاروں، بحری جنگی جہازوں، فضائی ڈرونز اور سمندری ڈرونز کا استعمال کیا گیا تاکہ ایرانی فوجی صلاحیتوں کو کمزور کیا جا سکے۔ایران نے جنوبی ساحلی علاقوں پر تازہ امریکی حملوں کے جواب میں بحرین، کویت اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کر دیے۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب نے دشمن کے فوجی اڈوں پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اردن کے پرنس حسن ایئر بیس کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، جبکہ متعدد ایندھن کے ذخائر اور اسلحہ گوداموں کو بھی آگ لگا دی۔ ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک ایران پر وعدہ خلافی کا الزام نہیں لگا سکتا۔انہوں نے تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران نے امریکا کے ساتھ طے پانے والی یادداشت اسلام آباد ایم او یو کے تحت اپنے تمام وعدے پورے کیے ہیں اگر واشنگٹن نے جنگ ختم کرنے کے اپنے وعدے پورے نہ کیے تو ایران بھی اس معاہدے پر مزید عمل نہیں کرے گا۔