وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے ٹیکس گوشواروں کو ڈیجیٹل، مختصر اور اردو زبان میں آسان بنا کر عوام خصوصاً تنخواہ دار طبقے کے لیے بڑی سہولت فراہم کی ہے۔
یہ بات انہوں نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اور اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے 15 جولائی سے نئے گوشوارے دستیاب ہوں گے، جبکہ دیگر شعبوں کے لیے 30 جولائی کو سہولت مہیا کی جائے گی۔ وزیراعظم نے عوامی آگاہی مہم اور ہیلپ لائن کے قیام کی ہدایت دی۔اجلاس میں ایف بی آر کے ڈیجیٹل انوائسنگ، ای-بلٹی، مصنوعی ذہانت پر مبنی اسیسمنٹ سسٹم، اور کارگو ٹریکنگ جیسے جدید نظاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ ڈیجیٹل انوائسنگ کے تحت 11.6 ارب روپے کی 8 ہزار انوائسز ایک ماہ میں جاری ہو چکی ہیں، اور آئندہ چند ماہ میں 20 ہزار کاروبار اس نظام سے منسلک ہو جائیں گے۔وزیراعظم نے تمام نظاموں میں اردو سہولت، تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن، اور ٹیکس دہندگان کی تربیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ ٹیکس بیس میں اضافہ ہو اور غریب طبقے پر بوجھ کم کیا جائے۔اجلاس میں وزیر خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔