فضل الرحمان تنخواہ دار ملازم نکلے، کون دیتا ہے مولانا کو لاکھوں کی تنخواہ؟ سوالات اٹھ گئے

فضل الرحمان تنخواہ دار ملازم نکلے، کون دیتا ہے مولانا کو لاکھوں کی تنخواہ؟ سوالات اٹھ گئے

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے مالی گوشواروں، آمدن اور اخراجات سے متعلق نئے سوالات سامنے آگئے ہیں۔

ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے فارم بی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں مبینہ تضادات موجود ہیں، جبکہ ان کی تنخواہ اور بینک اکاؤنٹ میں رقم کے اضافے سے متعلق بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق 2021ء سے 2023ء کے دوران مولانا فضل الرحمن کی آمدن اور اخراجات کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ قابلِ ٹیکس آمدن ظاہر نہ کرنے کے باوجود ان کے اخراجات پر خرچ ہونے والی رقوم کے ذرائع واضح نہیں ہیں۔رپورٹ میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے فارم بی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں فرق کیوں ہے؟ ان کے بینک اکاؤنٹ میں موجود رقم 8 ہزار 456 روپے سے بڑھ کر ایک کروڑ 16 لاکھ 56 ہزار 115 روپے تک کیسے پہنچی؟ اس اضافے کے ذرائع کیا تھے اور کیا ان کے پاس متعلقہ بینک اسٹیٹمنٹس اور آمدن کے ثبوت موجود ہیں؟رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2024ء میں مولانا فضل الرحمن کی سالانہ تنخواہ 7 لاکھ 58 ہزار 65 روپے سے بڑھ کر 91 لاکھ 80 ہزار روپے ہوگئی۔ اس حوالے سے سوال اٹھایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران تنخواہ میں تقریباً 83 لاکھ روپے کا اضافہ کس ادارے کی جانب سے کیا گیا اور وہ ادارہ کون سا ہے؟

اسی طرح رپورٹ میں مولانا فضل الرحمن کی ملازمت، پیشہ ورانہ حیثیت اور ذمہ داریوں سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ تاہم فراہم کردہ معلومات میں متعلقہ ادارے کا نام اور ملازمت کی نوعیت واضح نہیں کی گئی۔اسلام آباد کے علاقے جی سکس میں واقع ایک قیمتی مکان سے متعلق بھی رپورٹ میں سوالات سامنے آئے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نہ اس مکان کے مالک ہیں اور نہ ہی کرایہ دار کے طور پر ان کا نام ظاہر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مکان کے مالک امان اللہ کے ساتھ ان کے تعلق اور رہائش کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمن مذکورہ مکان میں کرایہ دار کی حیثیت سے رہائش پذیر ہیں تو کرایہ نامہ، کرائے کی ادائیگی کے شواہد اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں اس کا اندراج کہاں ہے؟