بجلی بندش سے خواتین، بچے اور بزرگ متاثر، طبیعت خراب، کوئی شنوائی نہیں
لاہور (خصوصی رپورٹ) لیسکو حکام کی مبینہ غفلت اور عدم توجہی کے باعث لاہور کے علاقے اچھرہ کے محلہ سردار پورہ میں گزشتہ تین روز سے بجلی بند ہے، جس کے باعث شہری شدید گرمی اور حبس میں اذیت کا شکار ہو گئے ہیں۔ اہلِ علاقہ کے مطابق اچھرہ بازار اور ملحقہ علاقوں کا ایک فیز خراب ہونے کے باعث درجنوں گھروں کی بجلی بند ہے۔ متاثرہ مکینوں نے لیسکو دفتر کے متعدد چکر لگائے مگر کہیں سے کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ حکام صرف وعدے کر رہے ہیں جبکہ عملی طور پر کوئی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا۔شدید گرمی کی وجہ سے محلے میں دو بچوں، ایک خاتون اور تین بزرگوں کی طبیعت بگڑ چکی ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر بجلی کی بحالی ممکن نہ بنائی گئی تو وہ مجبوراً فیروز پور روڈ بلاک کر کے احتجاج پر اْتر آئیں گے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے، فنی خرابی کو دور کر کے بجلی بحال کی جائے تاکہ شدید موسم میں عوام کو مزید اذیت سے بچایا جا سکے۔