مشترکہ باغی فورسز نے فوج سے اگلے مورچے چھین لیے ہیں،کچھ فوجی فورسزمیںشامل ہوگئے ،کے این ایل اے
ینگون (آئی این پی )میانمار میں جاری خانہ جنگی کے دوران ایک فوجی اڈے پر نسلی باغیوں کے حملے کے بعد 500 سے زائد شہری اور فوجی تھائی لینڈ میں فرار ہو گئے۔تھائی فوج کے مطابق میانمار 2021 کی فوجی بغاوت کے بعد سے خانہ جنگی کا شکار ہے، جہاں فوج کو نسلی مسلح گروہوں اور جمہوریت نواز مزاحمتی قوتوں کے اتحاد کا سامنا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار کی ریاست کاین میں کرن نیشنل لبریشن آرمی نے ایک فوجی اڈے کے قریب حملہ کیا۔تھائی فوج کے بیان کے مطابق حملے کے بعد 100میانماری فوجی اور 467شہری تھائی لینڈ میں داخل ہو گئے، جنہیں تھائی فوج اور پولیس نے غیر مسلح کر کے ابتدائی طبی امداد اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سہولتیں فراہم کیں۔کے این ایل اے کے سیاسی ونگ کے رہنما سا تھامین تون نے سرحد کے قریب جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ باغی فورسز نے فوج سے کچھ اگلے مورچے چھین لیے ہیں، انہوں نے بتایا کہ کچھ میانماری فوجی ان کی فورسز میں شامل ہو گئے، جب کہ دیگر تھائی لینڈ کی جانب فرار ہو گئے۔