اسرائیلی حملے میں صدر مسعود پزشکیان زخمی ہوئے تھے: ایرانی میڈیا کاانکشاف

تہران(آ ئی این پی )ایرانی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان اسرائیلی فضائی حملے میں معمولی زخمی ہوئے تھے۔ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق یہ حملہ 16 جون کو تہران کے مغربی علاقے میں واقع ایک عمارت پر کیا گیا جہاں سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس جاری تھا۔فارس نیوز کے مطابق صدر پزشکیان، پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف، عدلیہ کے سربراہ محسنی ایجیئی اور دیگر اعلیٰ حکام اس اجلاس میں شریک تھے، عمارت کے داخلی اور خارجی راستوں پر 6میزائل یا بم داغے گئے، جن کا مقصد حکام کے نکلنے کا راستہ بند کرنا تھا۔رپورٹ کے مطابق دھماکوں کے بعد متاثرہ منزل کی بجلی منقطع ہو گئی، تاہم عمارت میں موجود حکام ایک پہلے سے تیار کردہ ایمرجنسی راستے کے ذریعے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے، اس دوران صدر پزشکیان سمیت کچھ حکام کو ہلکی چوٹیں آئیں، خاص طور پر ان کی ٹانگ میں معمولی زخم آیا۔