صدر مسعود پزشکیان کا دورہ ‘ پاکستان نے تاریخی میزبانی کی:ایرانی سفیر

اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان میں متعین  ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستانی حکومت، عوام اور قیادت کا ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران شان دار میزبانی پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں ایرانی سفیر نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا بطورِ خاص شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار اس اہم دورے کو یادگار اور تاریخی بنانے میں غیر معمولی رہا۔ انہوں نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایوانِ صدر میں ایرانی وفد کی میزبانی کی۔رضا امیری مقدم نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی اور تعاون کو بھی سراہا، جو اس اعلی سطح کے دورے کی کامیابی کے لیے نہایت اہم تھا۔ انہوں نے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور دفتر خارجہ کی ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل محنت پر بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس دورے کو اعلی ترین سطح پر منظم کیا۔