سعودی عرب کیساتھ کوئی جنگ نہیں‘امریکہ میں ہمت ہے تو ایرانی فوج کا سامنا کرے صدر مسعود پزشکیان

  خطے کے تمام ممالک کو ایک میز پر بیٹھ کر امن اور سلامتی قائم کرنی چاہیے،امریکہ ناکہ بندی اور جارحیت بند کر دے تو آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی
 ایران کو پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، روس اور چین سمیت اپنے کسی بھی پڑوسی ملک سے کوئی مسئلہ نہیں:ایرانی صدر کا انٹرویو

تہران(آئی این پی )ایران کے صدر مسعود پزشکیان  نے کہا   ہے  ایران سعودی عرب کے ساتھ حالتِ جنگ میں نہیں ہے، حوثیوں کے اپنے مسائل ہیں۔ بھارتی ٹی وی چینل انڈیا ٹوڈے کو دئیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ایرانی صدر    نے کہا   خطے کے تمام ممالک کو ایک میز پر بیٹھ کر خطے میں امن اور سلامتی قائم کرنی چاہیے۔ آج مسقط میں آبنائے ہرمز پر ایران اور عمان کے درمیان متوقع معاہدے کے بارے میں ایرانی صدر نے کہا کہ اجلاس میں وہ تمام ممالک شریک ہوں گے جن کی سرزمین سے ایران پر حملہ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ ایران اپنے بین الاقوامی حقوق چاہتا ہے، جنگ نہیں اب بھی امن کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہا ایران کو پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، روس اور چین سمیت اپنے کسی بھی پڑوسی ملک سے کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر اعتراض ہے جنہیں ایران پر حملوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔انہوں نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ وہ غیر ملکی طاقتوں کو خطے میں تفریق پیدا کرنے کا موقع دینے کے بجائے قیامِ امن اور سلامتی کے لیے آپس میں تعاون کی فضا پیدا کریں۔عالمی معیشت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ برکس اور نیو ڈیولپمنٹ بینک آزادانہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر امریکی تسلط اور پابندیوں کا مثر مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اس سے رکن ممالک کی امریکی معیشت اور ڈالر پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی