نئی دہلی(آئی این پی) بھارتی پائلٹس ایسوسی ایشن نے احمد آباد میں مسافر بردار طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شفافیت کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پائلٹس ایسوسی ایشن نے جون میں ائیر انڈیا کے طیارے کو پیش آئے حادثے کی تحقیقات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے لیے مناسب ماہرین کو شامل نہیں کیا گیا۔اس کے علاوہ حادثے میں مرنے والوں کے ورثاء نے بھی غیر جانب دارانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔اس حوالے سے بھارتی وزیر مملکت برائے سول ایوی ایشن مرلی دھر موہول نے کہا کہ بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے دوسرے ممالک بھیجنے کی ضرورت نہیں تھی جبکہ طیارہ گرنے سے متعلق حتمی رپورٹ آنے تک کسی نتیجے پر پہنچنا درست نہیں ہوگا۔