مولانا کو فارم 47 کا بینیفیشری کہنے والا یہ بتائے خود کس کے این او سی پر خیبرپختونخوا کا وزیر اعلیٰ بنا؟
پشاور(آئی ا ین پی ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ صوبہ جل رہا ہے اور گنڈاپور لا ئولشکر کیساتھ پنجاب فتح کرنے نکلے ہوئے ہیں،مولانا فضل الرحمان کو فارم 47 کا بینیفیشری کہنے والا یہ بتائے کہ خود کس کے این او سی پر خیبرپختونخوا کا وزیر اعلی بنا؟ ۔اپنے ایک بیان میں حافظ حمداللہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے مولانا فضل الرحمان سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا میں حکومت آپ کے بازو سے نہیں ڈنڈے کی زور سے بنی۔حافظ حمداللہ نے طنزا ًکہا کہ تم نہ تین میں ہو نہ تیرہ میں بل کہ تین سو تیرہ میں ہو۔ پورا صوبہ جل رہا ہے، عوام امن کو ترس رہے ہیں اور تم لائولشکر لے کر پنجاب فتح کرنے نکلے تھے، لیکن لاہور میں صرف بھڑکیں مار کر لوٹ آئے۔حافظ حمداللہ نے کہا آج بھی آپ کی حکومت دولت اور طاقت کے بل بوتے پر کھڑی ہے، آپ کی اپنی پارٹی میں آپ کی حکومت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات آپ کو ووٹ سے نہیں نوٹ سے جتوائے گئے۔