پاکستان سمیت دنیا بھر میںکشمیریوں نے یومِ شہدائے کشمیر بھرپورانداز میں منایا

 ریلیاں، جلسے، جلوس اور تقریبات کا انعقاد، تحریکِ آزادی کشمیر کے بائیس عظیم شہدا ء سمیت دیگر تمام شہدا کوخراج عقیدت پیش
 مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر مکمل ہڑتال،کاروبارزندگی مفلوج ، کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا مطالبہ
اسلام آباد؍مظفرآباد(آئی این پی )لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری عوام نے 13 جولائی 1931 کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یومِ شہدائے کشمیر انتہائی عقیدت و احترام اور بھرپور انداز میں منایا ،اس دن کی مناسبت سے ریلیاں، جلسے، جلوس اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں تحریکِ آزادی کشمیر کے بائیس عظیم شہداء سمیت دیگر تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور شہداء کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا ۔اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر مکمل ہڑتال کی گئی جس سے کاروبارزندگی مفلوج ہوکررہ گیا ۔ یوم شہداء کی مناسبت سے دن کا آغازخصوصی دعائو ں ہوا ۔ شہداء کی روح کے ایصال ثواب اور کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔اس موقع پر جلسے جلوسوں،ریلیوں و سیمینارز کا اہتمام کیا گیا اور13جولائی 1931کے شہدا ء کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔مقررین نے دیگر تمام شہدا ء کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہداء کے مشن کو ہرصورت جاری رکھاجائے گا ۔عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ عالمی دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیو ں کا نوٹس لے اور بھارت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے ۔عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی اپنا کردار ادا کرے اور بھارت پر دبائو ڈالاجائے کہ وہ اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور کشمیری عوام کو انکا حق خودارادیت دیا جائے ۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر مکمل ہڑتال کی گئی ،سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی ، جس سے کاروبارزندگی مفلوج ہوکررہ گیا ۔ جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں،جن میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور بھارت مخالف و آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے ۔اس موقع پر فورسز کی بھاری نفر ی تعینات کردی گئی تھی ۔کئی مقامات پر فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افرا دزخمی ہوگئے ۔ادھر نیویارک ،لند ن سمیت دیگر ممالک میں مقیم کشمیریوں نے اس دن کی مناسبت سے احتجاجی مظاہرے کئے اور عالمی دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرائی گئی ۔ان پروگراموں میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں حصہ لیا ۔انہوں نے پلے کارڑز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر آزادی کے حق میں اور بھارتی مظالم کیخلاف نعرے درج تھے ۔