کراچی میں شدید دھند کا خدشہ، حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان

کراچی میں شدید دھند کا خدشہ، حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان

کراچی: شہر قائد میں کل سے صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند چھانے کا امکان ہے، جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق دھند کا سلسلہ اگلے تین روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ آج بھی شہر میں صبح کے وقت ہلکی دھند ریکارڈ کی گئی تھی۔کراچی میں جمعرات اور جمعے کو دھند کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے اور حد نگاہ صفر تک گرنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ کے مطابق بلوچستان کی شمال مشرقی ہواؤں اور فضا میں موجود نمی کی زیادہ مقدار اس دھند کی اہم وجہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ شمال مشرقی ہواؤں کی رفتار کم ہونے سے نمی فضا میں معلق رہتی ہے اور دھند بن جاتی ہے۔واضح رہے کہ رواں موسم سرما کے دوران 12 جنوری کو کراچی میں شدید سردی کے باعث کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔