لاہور شدید سردی اور دھند کی لپیٹ میں، حدِ نگاہ متاثر

لاہور شدید سردی اور دھند کی لپیٹ میں، حدِ نگاہ متاثر

لاہور شدید سردی اور گھنی دھند کی زد میں ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے لگی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 96 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارش کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں شدید سردی متوقع ہے۔سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ڈی جی خان، راجن پور، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے شدید دھند کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سرد موسم آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک جبکہ رات کے اوقات میں سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 اور زیادہ سے زیادہ 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ رات جناح ٹرمینل پر کم سے کم درجہ حرارت 7.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، گلستان جوہر میں 10.5 جبکہ شارع فیصل پر 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے اور شمال مشرق کی سمت سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔