شاہدرہ ٹاؤن ، 4جواریوں سمیت 6 گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے جرائم کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مختلف کارروائیوں میں مفرور اشتہاری سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو قمار بازی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات میں حراست میں لیا گیا ہے۔ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے دو مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم شاہد بیگ کو گرفتار کر کے پابندِ سلاسل کر دیا ہے اشتہاری ملزم طویل عرصے سے پولیس کو مطلوب تھادوسری کارروائی میں قمار بازی میں ملوث ملزمان نوید، رضوان، ابو ہریرہ اور سخاوت کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر ملزم عاشق کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ایس پی سٹی بلال احمد نے بتایا کہ ملزمان کو مختلف مقامات سے گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے انسدادِ جرائم کے حوالے سے کارروائیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔