نامور گلوکار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کے شادیوں میں پرفارمنس کے معاوضوں سے متعلق حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔
گزشتہ ہفتے فریال تالپور کی صاحبزادی عائشہ تالپور کی شادی نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی، جہاں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے تقریب میں موجود مہمانوں کی خصوصی فرمائش پر اپنے مقبول گانے پیش کیے۔سینئر اینکر نعیم حنیف نے حال ہی میں ایک گفتگو میں بتایا کہ راحت فتح علی خان پاکستان میں کسی شادی میں پرفارم کرنے کے لیے تقریباً ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے وصول کرتے ہیں۔ اگر وہ کسی دوسرے شہر میں پرفارم کریں تو یہ رقم مزید بڑھ جاتی ہے، جبکہ بیرونِ ملک پرفارمنس کی صورت میں ان کی فیس تقریباً دگنی ہو جاتی ہے۔
نعیم حنیف کے مطابق عاطف اسلم پہلے شادیوں میں پرفارم نہیں کیا کرتے تھے، تاہم تقریباً سات سال قبل ملک ریاض نے انہیں اپنے عزیز کی شادی میں گانے کی پیشکش کی، جس پر عاطف اسلم نے بظاہر انکار کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے مانگ لیے۔ ملک ریاض نے وہ رقم ادا کر دی، اور اس کے بعد عاطف اسلم شادیوں میں پرفارم کرنے لگے، اور اب وہ فی پرفارمنس تقریباً دو سے ڈھائی کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین عموماً صحت کے مسائل کے باعث پرفارم نہیں کرتیں، لیکن اگر وہ کسی تقریب میں شرکت کریں تو ان کی فیس تقریباً ساٹھ سے ستر ہزار ڈالر ہوتی ہے۔