برابری پارٹی کے سربراہ اور سابق گلوکار جواد احمد نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں معروف گلوکار عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ فنکار صرف دولت کے پیچھے ہیں اور عام عوام کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
جواد احمد نے کہا کہ موسیقی فنکاروں کو اپنے مداحوں کے لیے دستیاب ہونا چاہیے، اور وہ خود سیاست کی وجہ سے موسیقی کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ ان کے مطابق آج کل کئی معروف گلوکار شادیوں اور کارپوریٹ تقریبات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں اور صرف اشرافیہ کے لیے گاتے ہیں، جو اچھی روایت نہیں۔
راحت فتح علی خان پاکستان میں شادی کی تقریب میں تقریباً 1.25 کروڑ روپے وصول کرتے ہیں، جبکہ بیرونِ ملک پرفارم کرنے پر فیس دگنی ہو جاتی ہے۔
عاطف اسلم ماضی میں شادیوں میں پرفارم نہیں کرتے تھے، مگر اب فی ایونٹ تقریباً 2.5 سے 3 کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔
جواد احمد نے کہا کہ اگر فنکار مفت پرفارم نہیں کر سکتے تو کم از کم اپنے معاوضے کم کر کے عام مداحوں کے لیے خود کو قابل رسائی بنائیں، کیونکہ یہی مداح انہیں شہرت کی بلندیوں تک لے جاتے ہیں۔