جب تک اعلیٰ ترین سطح سے مانیٹرنگ نہیں ہوگی اور عوام کو شامل نہیں کیا جائے گا مہم کامیاب نہیں ہوگی
اسلام آباد (یواین پی) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ملک میں جنگلات کی کمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ایک جامع قومی پالیسی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تجویز دی ہے کہ شجرکاری مہم کو صرف سرکاری بیانات تک محدود رکھنے کے بجائے اسے عوامی تحریک بنایا جائے۔قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ’’ملین ٹری‘‘ کے دعوے صرف کہہ دینے سے پورے نہیں ہوں گے۔انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ23 مارچ (یومِ پاکستان) یا 14 اگست (یومِ آزادی) کو باقاعدہ طور پر ’’نیشنل پلانٹیشن ڈے‘‘ یا ’’شجرکاری ہفتہ‘‘ کے طور پر منایا جائے۔اس موقع پر ملک کے 25 کروڑ عوام کو شجرکاری کی سہولت اور پودے فراہم کیے جائیں تاکہ ہر شہری اس قومی مقصد میں اپنا حصہ ڈال سکے