بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، مگر ہماری کامیابی سے عالمی تشخص بہتر ہوا
10 مئی کے بعد قوم مایوسی سے امید کی طرف بڑھی، امریکہ کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی
اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کے اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے ملک کی حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور خارجہ تعلقات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ایک بار پھر اپنے بلوں سے نکل آئے ہیں اور وہ حکومت، ریاست اور آئین و قانون کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی ان کارروائیوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے جو ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بھارت کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں سے پاکستان کا عالمی تشخص بہتر ہوا ہے، اور قوم کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 10 مئی کے بعد لوگ مایوسی سے امید کی طرف آئے ، جبکہ خارجہ محاذ پر امریکہ کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے، جو پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی کی علامت ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے، قومی اتحاد، اور سفارتی استحکام کے لیے تمام اداروں اور جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو داخلی و خارجی طور پر مضبوط کیا جا سکے۔