بارشوں کے باعث کاروباری طبقہ اپنے مالی معاملات بروقت مکمل نہیں کر پایا
کراچی (آئی این پی ) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت سے سالانہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں30 نومبر تک توسیع کا مطالبہ کردیا ۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعظم، وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات اور غیر معمولی مون سون بارشوں کے باعث کاروباری طبقہ اپنے مالی معاملات بروقت مکمل نہیں کر پایا، اسلئے حکومت کو تاجروں کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔رہنما ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ حکومت بغیر کسی جرمانے کے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کرے تاکہ کاروباری برادری کو سہولت ملے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف حکومت اور تاجروں کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ دے گا بلکہ ملکی معیشت کے استحکام میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔