موٹرسائیکل سوار تین ڈاکوئوں نے پٹرول پمپ لوٹ لیا

ڈاکو سکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین کر 42 لاکھ نقدی لے گئے، فوٹیج منظر عام پر آ گئی 
ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتیں،زیورات موبائل فون اور گاڑیا ں لوٹ لی گئیں 
لاہور( کرائم رپورٹر)شاہدرہ کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار تین ڈاکوئوں نے ایک نجی پٹرول پمپ پر دھاوا بول دیا ڈاکوئوں نے سکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین کر 42 لاکھ نقدی، چار موبائل فونز لوٹ لئے ، واردات کی کلوز سرکٹ فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں ڈاکوئوں کو واردات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پٹرول پمپ کے منیجر کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے علاوہ ازیں شہر میں ڈکیتی و چوری کی دیگر وارداتوں میں شہریوں سے طلائی زیورات موبائل فون موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں سمیت دیگر سامان چھین لیا گیا شمالی چھائونی میں دلنواز سے 1لاکھ 75 ہزار روپے اور دیگر سامان،نولکھا میں یاسین سے 1 لاکھ 70 ہزار روپے اور موبائل فون،شادمان میں علیم سے 1 لاکھ 65ہزار روپے موبائل فون اور دیگر سامان۔ملت پارک میں خیام سے1 لاکھ50 ہزار روپے اور موبائل فون،سندر میں علی رضا سے 1لاکھ 45ہزار روپے نقدی اور موبائل فون،اسلام پورہ میں اشتیاق سے 1 لاکھ 40ہزار روپے موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا.سول لائنز اور غازی آباد سے گاڑیاں جبکہ گارڈن ٹائون ساندہ اور شفیق آباد سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔