افسر گنگا رام آؤٹ ڈور پرچی پر جعلی دستخط ،جعلی مہر لگاتی رہی، مراسلے میں انکشاف
سمانیہ کنٹریکٹ ملازم ،سوشل ویلفیئرکے کئی افسر ایسی جعلسازی میں ملوث:اے ایم ایس
لاہور( کرائم رپورٹر) گنگارام ہسپتال کی سوشل ویلفیئر آفیسر کا جعلی دستخط کے ذریعے لاکھوں روپے بٹورنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کے مراسلے نے لاکھوں کی جعلسازی کا بھانڈہ پھوڑ دیا ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کے مراسلے میں بتایاگیا ہے کہ سوشل ویلفیئر آفیسر سمانیہ اختر 2 سال سے بیت المال کی رقم بٹورتی رہیں، سمانیہ اختر آؤٹ ڈور پرچی پر جعلی دستخط اور جعلی سٹیمپ لگاتی رہیں جن مریضوں کے نام سے ادویات خریدی گئیں، مریضوں کو ان کی ضرورت نہ تھی۔مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آؤٹ ڈور پرچی پر 26 مریضوں کے نام پر ادویات لکھ کر خریدی گئی ہیں جب کہ آؤٹ ڈور پرچیوں پر ڈاکٹر سیف الرحمان کے دستخط بھی موجود ہیں۔دوسری جانب ڈاکٹر سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ ان کے جعلی دستخط کئے گئے اور مہربھی جعلی لگائی گئی ۔ مراسلے کے مطابق ادویات کی مد میں 26 لاکھ 66 ہزار 850 روپے نکلوائے گئے لہذا ایم ایس 2 سال میں نکلوائی گئی رقم کی تحقیقات کر ائیں۔اے ایم ایس گنگا رام ڈاکٹر عارف کا کہنا ہے کہ سمانیہ اختر کنٹریکٹ پر ملازم ہے اور سوشل ویلفیئر کے کئی افسر اس طرح کی جعلسازی میں ملوث ہیں۔