وزیراعظم شہباز شریف: پی ٹی آئی دور میں معیشت کو تباہ کن نقصان پہنچایا گیا

وزیراعظم شہباز شریف: پی ٹی آئی دور میں معیشت کو تباہ کن نقصان پہنچایا گیا

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئی اہم نکات پر گفتگو کی، جس میں معیشت، تعلیم، اور سیکیورٹی کے معاملات شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران معیشت کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ وزیراعظم نے تعلیم کے شعبے میں درپیش چیلنجز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 22.8 ملین بچے اسکول نہیں جاتے، جن میں زیادہ تر بچیاں ہیں۔ انہوں نے صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیم میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی کامیاب بحالی کو سراہا اور پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے والی سابقہ حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کئی سالوں بعد اب پابندیاں ختم ہو رہی ہیں اور امید ہے کہ برطانیہ کے لیے بھی پروازیں شروع ہوں گی۔

شہباز شریف نے پنجگور میں پاک ایران سرحد پر نئی کراسنگ کے آغاز کا ذکر کیا، جس سے قانونی تجارت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کرم کے علاقے میں امن کی بحالی اور پاک فوج کی قربانیوں کا ذکر کیا، خاص طور پر بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کا ذکر کیا، جس میں 27 دہشت گرد مارے گئے۔وزیراعظم نے ایوی ایشن ڈویژن کو وزارت دفاع کے ماتحت کرنے اور نارکوٹکس ڈویژن کو وزارت داخلہ میں ضم کرنے کی تجویز پیش کی، جبکہ وفاقی اداروں میں رائٹ سائزنگ کی سفارشات کی منظوری بھی متوقع تھی۔